حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشہد مقدس میں حضرت امام علی رضا(ع) کا روضہ اقدس اورقم میں آپؑ کی بہن حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کا روضہ منورہ ہمارے ملک اورہماری عوام کے لئےایک عظیم نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے اور اس نعمت پر شکر ادا کرنا چاہئے ۔
جناب مالک رحمتی نے مزید یہ کہا کہ آستان قدس رضوی کےنئے دورہ کی اہم پالیسیوں اور نقطہ نظر سے عشرہ کرامت کے ایّام کو ملک کی ایک بڑی مذہبی عیدکے عنوان سے خصوصی توجہ دینا ہے اور اسی مقصد کے تحت گذشتہ چند برسوں میں ہمیشہ یہ کوشش کی گئی کہ ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس سے ان ایّام سے بھرپور معنوی وروحانی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
آستان قدس رضوی کے متولی کی جانب سے عشرہ کرامت کے موقع پر خصوصی اقدامات انجام دینے پر تاکید
چند ایسے موضوعات جن پر آستان قدس رضوی کی انتظامیہ کے نئے دور میں خصوصی طورپر زور دیا گیا ہے ان میں سے ایک یہ ہے کہ عالم اسلام کے مقدس مقامات خصوصاً اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس مقامات کے ساتھ تعاون اور روابط کو مزید بڑھانے اور مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے اور خاص طور پر حضرت امام علی رضا(ع) اور حضرت معصومہ (س)کے درمیان بھائی اور بہن کے رشتے کو مدّ نظر رکھتے ہوئے خصوصی توجہ دی جائے ۔
یہی وجہ ہے کہ آستان قدس رضوی کے محترم متولی حجت الاسلام والمسلمین مروی بھی اس موضوع کو خاص اہمیت اور ہمیشہ سے حرم امام رضا(ع) اور حرم حضرت معصومہ(س) کے مابین تعاون کو بڑھانےپر زور دیتے ہیں اور اس کے علاوہ عشرہ کرامت کےان ایّام کو جو کہ عظیم بھائی اور بہن کے نام سے مزیّن ہیں انہیں بہترین انداز میں منانے اور ان ایّام میں خصوصی اقدامات انجام دینےپر تاکید کرتے ہیں۔
2020میں قالینیں تیار کرنے کا حکم
انہوں نے بتایا کہ آستان قدس رضوی کے محترم متولی کے حکم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے خصوصی اقدامات انجام دیئے گئے اور دو سال پہلےسے ان قیمتی قالینوں کو بننے اور حرم حضرت معصومہ (س) میں بچھانے کوخصوصی ایجنڈے میں شامل کیا گیااور یہ طے پایا کہ عشرہ کرامت کے موقع پر ان قیمتی اور نفیس قالینوں کو بھائی کی طرف سے بہن کو تحفہ کے عنوان سے حرم حضرت معصومہ (س) کو پیش کیا جائے گا۔
مختلف سائز میں 162قالینوں کی تیاری
اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری آستان قدس رضوی کی کارپٹ کمپنی کو سونپی گئی جو امام رضا علیہ السلام کے حرم کو بھی قالینیں فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے ،ان قالینیوں کی بُنائی اور تیاری کا عمل 2020میں شروع ہوا تھا جو اب امام رضا(ع) کے خادموں کی کاوشوں اور امام رضا(ع) کی خصوصی عنایات سے رواں سال میں عشرہ کرامت کے آغاز میں مکمل ہو چکا ہے ۔
اس منصوبہ کو بہتر طریقے سے انجام دینے کے لئے آستان قدس رضوی کی کارپٹ کمپنی اور حرم حضرت معصومہ(س) کے مابین ضروری تعاون ،عمل میں لایا گيا اور قالینوں کو مختلف سائز میں تیار کیا گیا تاکہ کریمہ اہلبیت حضرت معصومہ(س) کے حرم کی مطلوبہ جگہوں کے سائز کے مطابق ہوں اور بہترین انداز میں زائرین کی میزبانی کے لئے ان قالینوں سے استفادہ کیا جاسکے۔
قالینوں کے ڈیزائن،نقشے اور رنگ کا انتخاب حضرت معصومہ(س) کے روضہ منورہ کی نگرانی میں ہوا،ان قالینوں کی بُنائی میں اعلیٰ قسم کےمٹیریل اور قدرتی رنگوں سے استفادہ کیا گیاہے۔
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے ان قالینوں کو حرم امام رضا(ع) کی جانب سے قم بھجوا دیا گیا ہے تاکہ عشرہ کرامت کے آغاز میں کریمہ اہلبیت(ع) کے حرم میں؛ حرم امام رضا(ع) کی طرف سے عطیہ کی گئی قالینیں جو کہ درحقیقت بھائی کی جانب سے بہن کو تحفہ ہے ؛بچھائی جائیں اور پہلے سے زیادہ حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا شانداردکھائی دینے کے ساتھ زائرین کی بہترین انداز میں میزبانی کر سکے۔